کراچی میں معصوم بچی کا قتل، شنیرا اکرم کا سخت برہمی کا اظہار

Published On 29 July,2021 06:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی میں معصوم بچی کے قتل پر شدید تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس کے خلاف تب تک آواز بلند کرنا بند نہیں کروں گی جب تک ہمارا ملک اس حوالے سے کچھ کرتا نہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اغوا، تشدد اور زیادتی کے بعد بے رحمی سے قتل کی جانیوالی بچی کے واقعے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا کرم نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

شنیرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ یہ چھوٹی بچی میری بیٹی کی ہم عمر تھی جو گھر سے باہر کھیلنے گئی اور واپس نہ لوٹی۔

انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ مجھے بتائیں کیسے میں اس معاملے پر بات نہ کروں؟ یہ واقعہ میرے گھر سے محض 20 منٹ کی دوری پر ہوا ہے، یہ میرے شہر میں ہوا ہے، یہ میرے ملک میں ہو رہا ہے۔

شنیرا نے ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے یہ بتانا بند کریں کہ یہ سب جگہ ہوتا رہتا ہے، یہ پاکستان میں ہورہا ہے اور میں اس کے خلاف تب تک آواز بلند کرنا بند نہیں کروں گی جب تک ہمارا ملک اس حوالے سے کچھ کرتا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ خون بہہ چکا ہے، اس حوالے سے لوگوں کو آگاہی نہیں فراہم کی جارہی اور نا ہی ایسے واقعات کو روکنے کیلئے کوئی اقدام کیے جارہے ہیں۔

شنیرا نے آخر میں لکھا آخر یہ سب کب ختم ہوگا؟
 

Advertisement