میرا تعلق پاکستان سے نہیں افغانستان سے ہے، عرشی خان کی بھارتی فینز کو وضاحت

Published On 20 August,2021 11:23 am

ممبئ: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ عرشی خان نے کہا ہے کہ ان کا تعلق پاکستان کی بجائے افغانستان سے ہے، ان کو یہ وضاحت بھارتی فینز کی جانب سے پاکستانی قرار دینے پر پیش کرنا پڑی۔

اداکارہ کا مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لوگ مجھے میری شہریت سے متعلق سوال کرتے ہوئے نشانہ بناتے اور سوشل میڈیا پر ٹرول کرتے ہیں، بھارت میں لوگ مجھے پاکستانی سمجھتے ہیں جبکہ میں بھارت میں رہتی اور ہر لحاظ سے بھارتی ہوں، میرے پاس تمام دستاویزات اور شناختی کارڈ بھی بھارت کا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں افغانی پٹھان ہوں،میرے دادا افغانستان سے ہجرت کر کے بھارت آئے اور بھوپال کو مسکن بنایا جہاں وہ بطورجیلر فرائض انجام دیتے رہے۔ اس سے قبل بھی ایک انٹرویو میں اداکارہ نے خود کو بنیادی طور پر افغانی قرار دیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ صرف 4 سال کی تھیں جب ان کا خاندان بھارت منتقل ہو گیا تھا۔

عرشی خان سے متعلق حالیہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب انہوں نے بھارتی یوم آزادی کے موقع پر سوشل میڈیا اکاونٹ پر علامہ اقبال کی مشہور نظم"  لب پہ آتی ہے دعا " پڑھ کر بھارتیوں کو مبارکباد دی جس پر بھارتی عوام نے انہیں پاکستانی کہنا شروع کر دیا تھا۔
 

Advertisement