ممبئی:(ویب ڈیسک)شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد بالی ووڈ این سی بی کے ریڈار پر آگئی ہے اور اسی سلسلے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بھارتی اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر پر چھاپہ مار کر لیپ ٹاپ اور موبائل فون قبضے میں کرلئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ اننیا پانڈے کے ممبئی کے گھر پر آج نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے چھاپہ مارا اور لیپ ٹاپ ،موبائل فون ضبط کر لیا گیا جبکہ یہ چھاپہ آریان خان کی کروز شپ منشیات کیس میں پیش رفت کے طور پر مارا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آریان کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران عدالت میں آریان اور ان کی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کی واٹس ایپ چیٹ پیش کی گئی تھی جس میں ان دونوں نے منشیات سے متعلق گفتگو کی تھی۔
اب بھارتی میڈیا میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مذکورہ چیٹ اننیا کیساتھ کی گئی تھی جس کے باعث آج ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا ہے۔
این سی بی کی جانب سے اننیا پانڈے کو تفتیش کے لئے طلب کیا گیا جس کے بعد اداکارہ اپنے والد چنکی پانڈے کے ساتھ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے دفتر گئی جہاں پر ان سے 2گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔