انقرہ:(ویب ڈیسک) ترکی کے معروف ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں ان کے سپاہی آرتک بے کا کردار ادا کرنے والے اداکار انتقال کرگئے۔
آئبرک پیکچن کے انتقال کی خبر ارطغرل غازی کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ نے سوشل میڈیا سائٹس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے پیارے آئبرک پیکچن، جنہوں نے ارطغرل میں اپنی اداکاری سے روح کا اضافہ کیا کا انتقال ہوگیا، میں اللہ سے اپنے بھائی کے لیے رحم کی دعا کرتا ہوں اور خاندان اور مداحوں کے لیے صبر کی خواہش کرتا ہوں۔
Diriliş Ertuğrul dizimizde oyunculuğuyla projemize ruh katan sevgili Ayberk Pekcan Hakk a yürümüştür.
— Mehmet Bozdağ (@mmehmetbozdag) January 24, 2022
Dar-ı bekaya yürüyen Ayberk abimize Allah’tan rahmet, ailesine ve sevenlerine sabırlar diliyorum. Hepimizin başı sağ olsun.#AyberkPekcan pic.twitter.com/SQMum6lpfb
ترک میڈیا کے مطابق اداکار کا انتقال پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث ہوا جس کے شکار ہونے کی تصدیق انہوں نے اکتوبر 2021 میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی تھی۔
گزشتہ ہفتے طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ان کے آبائی علاقے میرسن( Mersin ) کے ایک ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا جہاں 24 جنوری کو ان کا انتقال ہوا۔
یاد رہے کہ آئبرک پیکچن جنوری 2021 میں ارطغرل میں بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نور الدین سونمیر کے ساتھ پاکستان آئے تھے اور پاک ترک معارف فاؤنڈیشن کی تقریب میں شریک بھی ہوئے۔
آئبرک پیکچن 22 مئی 1970 کو پیدا ہوئے اور 2001 سے وہ اداکار کے طور پر کام کررہے تھے، انہوں نے متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔