لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اور خوبرو اداکارہ حمیمہ ملک نے مذہبی شخصیت کے ساتھ اپنی شادی کی خبریں پھیلانے والوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کوئی شادی نہیں کی۔
حمیمہ ملک نے انسٹاگرام پر اردو زبان میں کی گئی طویل پوسٹس میں شادی کی خبریں شائع کرنے والے بلاگرز اور سوشل میڈیا پیجز کو ییلو جرنلزم بھی قرار دیا۔
حمیمہ ملک نے اظہار برہمی کرتے ہوئے لکھا کہ ہر دوسرے مہینے ان کی شادی کسی نہ کسی شخصیت سے کرادی جا تی ہے اور یہ بات ان کے لیے اور ان کے خاندان کے لیے باعث شرم ہے۔ اداکارائیں چاہتے ہوئے بھی ان معزز شخصیات کے ساتھ تصاویر شیئر نہیں کر سکتیں، جن کی وہ عزت کرتی ہیں، کیوں کہ کوئی بھی غیر متعلقہ شخص یا بلاگر انکی مذکورہ تصاویر کو اٹھا کر یہ دعویٰ کر دیتا ہے کہ اداکارہ نے شادی کرلی۔
انہوں نے شادی کی جعلی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو اپیل کی کہ انہوں نے کوئی شادی نہیں کی اور یہ کہ وہ جب بھی ایسا کوئی فیصلہ کریں گی تو اس کا خود ہی اعلان کریں گی۔
انہوں نے دوسری پوسٹ میں ان بلاگرز اور سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا جنہوں نے اپنی ویوور شپ بڑھانے کے لیے ان سے متعلق غلط خبریں شائع کیں۔
ماڈل نے یہ بھی لکھا کہ چلیں وہ تو اداکار ہیں، ان کا کوئی مسئلہ نہیں لیکن ان کے ساتھ جس معزز شخصیت کے لیے جھوٹ بولا گیا، وہ قابل احترام اور مذہبی و روحانی شخصیت ہیں اور وہ ان کے روحانی رہبر ہیں۔
ساتھ ہی حمیمہ ملک نے واضح کیا کہ وہ جب بھی شادی کریں گی بلاگرز، صحافیوں اور سوشل میڈیا پیجز والوں کو پریس ریلیز کے ذریعے آگاہ کریں گی۔
اداکارہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ مذہبی اور قابل احترام شخصیت سے متعلق افواہیں پھیلانا بند کریں۔
حمیمہ ملک نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے۔
اداکارہ نے مذکورہ وضاحتی پوسٹ ایک ایسے وقت میں کی ہے جب کہ حال ہی میں انہوں نے ڈاکٹر محمد جاوید نامی شخصیت کے ہمراہ تصاویر شیئر کی تھیں۔
ڈاکٹر محمد جاوید روحانی شخصیت ہیں اور حمیمہ ملک کو ان کے ساتھ احترام و ادب کے ساتھ ملتے دیکھا گیا جب کہ روحانی شخصیت کے انسٹاگرام پر بھی اداکارہ کی تصاویر شیئر کی گئیں۔