مری میں ہوٹلنگ کا کاروبار، صداقت علی عباسی نے خبروں کو جعلی قرار دیدیا

Published On 15 January,2022 08:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما صداقت علی عباسی نے مری میں اپنے ہوٹلنگ سے متعلق کاروبار کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی۔ اپ لوڈ کی گئی ویڈیو 1 منٹ 42 سکینڈ پر محیط ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے فیک نیوز اور لعنت اللہ علی الکاذبین بھی لکھا۔

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے حوالے سے کچھ فیک نیوز شیئر ہو رہی ہیں، میں اس کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، مری میں ہوٹلنگ ایسوسی ایشن میں میرا کوئی عمل دخل نہیں ہے، یہاں پر ہزاروں ریسٹ ہاؤسز ہیں اور یہاں پر دو ایسوسی ایشن ہیں۔ ان دونوں میں میرے جاننے والے لوگ ہیں۔ ان میں کچھ جاننے والے ہیں، ان میں میرے رشتے دار بھی شامل ہیں جن کا یہاں کاروبار ہے، اسی لیے میرے رکن قومی اسمبلی بننے سے قبل بھی میرے رشتے دار یہاں کاروبار کرتے تھے، ہوٹل ایسوسی ایشن میں کچھ سیاسی مخالفین بھی موجود ہیں۔

دوسرے نمبر پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا ذاتی طور پر پورے حلقے میں سوائے ایک ویلفیئر سکول کے کوئی کاروبار نہیں ہے اور نہ ہی زمین کا بالواسطہ اور بلاواسطہ کوئی کاروبار ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ کوئی پارٹنر شپ ہے۔

پرائیویٹ ٹھیکہ دینے سے متعلق بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مری میں سڑکوں پر برف کو صاف کرنے سے متعلق بھی باتیں ہو رہی ہیں، اور کہا جا رہا ہے ان ٹھیکوں میں میرے کچھ لوگ شامل ہیں۔ یہاں بتاتا چلوں کہ یہاں پر پنجاب ہائی وے خود برف اُٹھاتی ہے اور یہاں پر ان کی اپنی مشینری موجود ہے۔ نہ تو میرے پاس کوئی ٹھیکہ ہے اور نہ ہی مجھے دیا گیا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ فیک نیوز پھیلانے والوں کو اللہ تعالیٰ ہی پوچھے۔
 

Advertisement