نئی دہلی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر دو ہفتوں سے ’نمونیا‘ بخار اور کورونا کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے مختلف افواہیں پھیلنے پر ان کے اہل خانہ پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلنے کے بعد مرکزی وزیر اور سابق اداکارہ سمرتی ایرانی بھی پریشان دکھائی دیں اور انہوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے عوام سے اپیل کی کہ وہ لیجنڈری گلوکارہ کے حوالے سے افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
سمرتی ایرانی نے لتا منگیشکر کے اہل خانہ کی جانب سے ہسپتال کی ڈاکٹر کی جانب سے بھیجے گئے پیغام کا سکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔
Request from Lata Didi’s family to not spread rumours. She is responding well to treatment and god willing will return home soon. Let us avoid speculation & continue to pray for Lata Didi’s speedy recovery and wellbeing. pic.twitter.com/1HQlULjV8j
— Smriti Z Irani (@smritiirani) January 22, 2022
ڈاکٹر کے پیغام کے مطابق اگرچہ تاحال لتا منگیشکر انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، تاہم ان کی طبیعت میں بہتری ہونا شروع ہوئی ہے۔
سمرتی ایرانی نے لوگوں سے لتا منگیشکر کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلانے سمیت ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
انڈین ایکسپریس نے بھی رپورٹ میں بتایا کہ لتا منگیشکر کی صحت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، تاہم انہیں تاحال آئی سی یو میں ہی رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں ہسپتال اور لتا منگیشکر کے خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ زائد العمری کی وجہ سے لتا منگیشر کی حالت انتہائی سست رفتاری سے بہتر ہو رہی ہے، تاہم وہ پہلے سے کافی بہتر ہے۔