لاہور: (دنیا نیوز) ضلع کچہری نے علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کے مقدمہ میں میشاء شفیع کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
ایف آئی اے مقدمے میں عدالت نے میشا شفیع اور شریک ملزمہ ماہم جاوید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے میشاء شفیع و دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سماعت پر اگر علی ظفر کے وکیل نے زیر التواء درخواستوں پر دلائل نہ دیئے تو پراسکیوٹر کے دلائل کی روشنی میں فیصلہ کر دیا جائے گا۔
مقدمے میں نامزد ملزمہ عفت عمر، فیضان رضا، حسیم الزمان، فریحہ ایوب، علی گل اور لینا غنی نے حاضری مکمل کروائی۔ ایف آئی اے نے علی ظفر کی مدعیت میں میشا شفیع سمیت آٹھ ملزمان کے خلاف چالان پیش کررکھا ہے۔
ایف آئی اے نے چالان میں کہا ہے کہ میشا شفیع سمیت دیگر ملزمان نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کی مہم چلائی، ملزمان اپنی صفائی میں ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے۔