لاہور: (دنیا نیوز) عدالت نے سوشل میڈیا مہم کیس میں گلوکارہ میشا شفیع اور لینا غنی کو آخری موقع دیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
ضلع کچہری کی عدالت میں گلوکار علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کے کیس پر سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک کیس کی سماعت کی۔
ایف آئی اے نے علی ظفر کی مدعیت میں میشا شفیع سمیت 8 ملزمان کے خلاف چالان پیش کررکھا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق میشا شفیع سمیت دیگر ملزمان نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کی مہم چلائی، ملزمان صفائی میں ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے۔
وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر مہم چلا کر گلوکار کی کردار کشی کی، میشا شفیع، عفت عمر، لینا غنی سمیت تمام ملزموں کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔
عدالت نے ملزمہ میشا شفیع اور لینا غنی کو آخری موقع دیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ ملزم علی گل پیر اور لینا غنی کی بریت کی درخواستیں خارج کردی اور عدالت نے کیس کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی۔