ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی ووڈ اداکار اجے دیو گن نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ ان کی شاہ رخ خان کے ساتھ کوئی تلخی یا ناراضگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان تو بہت مضبوط اور دوستانہ تعلقات ہیں اور جب کبھی بھی ہم میں سے کوئی ایک مشکل میں ہوتا ہے تو دوسرا اس کے ساتھ کھڑا ہوجاتا ہے۔
حال ہی میں جب اجے دیو گن سے ایک بھارتی میڈیا ادارے نے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم 6 یا 7 کے قریب اداکار جو 90 کی دہائی کی جنریشن سے تعلق رکھتے ہیں ایک ساتھ آئے اور ہمارے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔
اجے کا کہنا تھا کہ میڈیا جو کچھ ہمارے تعلقات پر لکھتا ہے وہ درست نہیں ہوتا، ہمارے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ رہتا ہے، ایک دوسرے کی مشکل میں کام آتے ہیں اور آپس میں بھروسہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ البتہ ہمارے پرستاروں کے درمیان "ہم میں سے بہتر کون ہے ؟" کے موضوع پر بحث چلتی رہتی ہے۔