عمران خان نے اہلیہ کو طلاق دینے کا فیصلہ کرلیا

Published On 16 May,2022 04:46 pm

ممبئی:(دنیا نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران خان نے اپنی اہلیہ کو طلاق دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ بالی ووڈ میں آج کل طلاق کی خبریں گرم ہیں، چند روز قبل سلمان خان کے بھائی سہیل خان نے شادی کے 24 سال بعد اہلیہ سیما سے طلاق کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھانجے نے اپنے ماموں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اہلیہ سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عامر خان نے بھی 2 مرتبہ شادی کی اور دونوں ہی دفعہ ان کی شادی ختم ہوگئی، میڈیا میں اب ان کی تیسری شادی کی خبریں گرم ہیں اور اس حوالے سے اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ کا نام گردش کرتا آرہا ہے۔

عمران خان اور اونتیکا ملک نے 2011 میں شادی کی تھی دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جو کہ 2014 میں پیدا ہوئی تھی، جوڑے کے درمیان کافی عرصے سے اختلافات چل رہے تھے، 2019 سے اونتیکا اپنی بیٹی کے ہمراہ والدین کے گھر پر ہیں۔

جوڑے کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے معاملات ٹھیک کرانے کی کئی کوششیں کیں لیکن کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

واضح رہے کہ عمران خان نے فلمی کیرئیر کا آغاز بطور چائلڈ اسٹار ’ قیامت سے قیامت تک‘ سے کیا تھا لیکن بحیثیت ہیرو ان کی پہلی فلم ’جانے تو یا جانے نا‘ تھی۔
 

Advertisement