سیلاب کی صورتحال دیکھنے ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی پاکستان پہنچ گئیں

Published On 20 September,2022 04:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انسانی حقوق کی متحرک کارکن انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی صورتحال کا جائزہ لینے پاکستان پہنچ گئیں۔

یاد رہے کہ انجلینا جولی اس سے قبل 2005 اور 2010 میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔اداکارہ نے 2010 میں آنے والے سیلاب کے موقع پر بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جب کہ 2005 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد بھی متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان پہنچی تھیں۔

آئی آر سی کو امید ہے کہ انجلینا جولی کے دورے سے موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ ابھر کر سامنے آئے گا اور اس سے متاثر ہونے والے پاکستان جیسے ممالک کی مدد کی راہ ہموار ہو گی، تاہم اس کی جانب سے دورے کے لیے ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

آئی آر سی کی پاکستان کی ڈائریکٹر شبنم بلوچ کا کہنا ہے کہ موسمیاتی بحران پاکستان میں انسان جانوں اور ملک کے مستقبل کو تباہ کر رہا ہے اور اس کے نتائج سب سے زیادہ خواتین اور بچوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ایسی آفات ملک کو بالآخر خوراک کے بحران کی طرف لے جائیں گی جبکہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گا۔ ضروری ہے کہ ہم ضرورت مند افراد تک پہنچیں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات سے بچاؤ کے لیے دوررس اقدامات کیے جائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں میں مزید بارشوں کا بھی امکان ہے ہمیں امید ہے کہ انجلینا کے دورے سے دنیا کو احساس ہو گا اور مستقبل کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ سیلاب کا نشانہ بننے والے افراد کو فوری طور پر خوراک، پانی، رہائش گاہوں اور صحت کی سہولتوں کی ضرورت ہے جبکہ خواتین اور لڑکیوں کو مخصوص ایام کے دنوں میں ضروری اشیا کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق انجلینا جولی سندھ میں دادو کے علاقے جوہی اور گردونواح کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہی ہیں۔ ان کے دورے کے پروگرام کے بارے میں میڈیا سے خفیہ رکھا گیا۔ دورے کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دادو: انجلینا جولی چھنڈن موری کے قریب زم زما ائل فیلڈ پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے لینڈ کیا۔ ان کو کشتیوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرایا جا رہا ہے۔ وہ سیلاب متاثرین میں کچھ تحائف بھی تقسیم کریں گی۔ دادو کے بعد اداکارہ بدین جائیں گی۔

Advertisement