خواتین قتل، جسمانی تشدد، جنسی استحصال کے خلاف صدائیں بلند کریں: صنم سعید

Published On 03 October,2022 10:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ صنم سعید نے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گھریلو تشدد، جسمانی، جذباتی اور جنسی استحصال اور قتل کے خلاف اپنی صدا بلند کریں۔

تفصیلات کے مطابق  ایران میں ایک خاتون کو جان سے مار دیا گیا تھا کیونکہ مقتولہ نے حجاب کو صحیح انداز میں نہیں پہنا ہوا تھا۔ دنیا بھر میں اس ایرانی خاتون کو انصاف دلوانے کے لیے مظاہرے ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی گزشتہ چند ماہ میں ایسے واقعات دیکھنے کو ملے تھے، جیسے کہ اسلام آباد میں سارہ انعام، نور مقدم اور قصور میں زینب کو قتل کر دیا گیا تھا۔

ایسا میں پاکستان کی معروف اداکارہ صنم سعید نے انسٹا گرام پر ایک پوسٹر شیئر کیا، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین نے مختلف قسم کے لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں، اس تصویر میں بدتمیزی، غیرت کے نام پر قتل، ریپ اور بچوں کیساتھ زیادتی جیسے الفاظ درج ہیں۔

خوبرو اداکارہ نے لکھا کہ ان خواتین کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ثبوت ہیں کہ معاشرے میں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ خواتین غیر شادی شدہ ہیں یا شادی شدہ، یہ خواتین کیا پہن رہی ہیں اور ان کی عمر کتنی ہے، لیکن نشانہ صرف خواتین ہیں کیونکہ ہم کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔

خواتین کے حوالے سے صنم سعید نے لکھا کہ ہمیں نشانہ بنایا جاتا ہے ہم کیا پہنتے ہیں، کس چیز کے لیے کھڑے ہیں، ہم کس طرح کے نظر آتے ہیں، ہماری آواز کیسی ہے، ہم کس کے ساتھ ہیں، ہم کہاں جاتے ہیں۔ میں اپنا چاہنے والوں پر زور دیتی ہوں کہ خاموش رہنے کے بجائے اپنی صدائیں بلند کریں اور ناانصافی کے خلاف لڑتے رہیں۔