پیسے کمانے کے لئے اداکاری سے ہوسٹنگ میں قدم رکھا:فہد مصطفیٰ

Published On 20 December,2022 04:58 pm

دبئی(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف ادا کار اور میزبان فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ پیسے کمانے کیلئے اداکاری سے ہوسٹنگ میں قدم رکھا اور اسی سےشہرت ملی۔

فہد مصطفیٰ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے پروگرام"دی مرزا ملک شو" میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے کیرئیر سے متعلق کئی باتیں بتائیں۔

ایک سوال کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے اداکاری سے میزبانی کی طرف آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ"شوبز انڈسٹری کی بات کریں تو پاکستان میں آرٹسٹ کیلئے بہت مشکلات ہیں، لوگ چانس لینے سے ڈرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ لوگ اداکاروں کو میزبانی کرنے سے روکتے تھے، کیونکہ تصور کیا جاتا تھا کہ اگر آپ ہوسٹنگ میں قدم رکھیں گے، تو آپ کا بطورِ اداکار کیرئیر ختم ہو جائے گا۔

اداکار نے کہا کہ میں نے ہوسٹنگ کا رخ کیا کیونکہ میں پیسہ کمانا چاہتا تھا، میں کافی عرصے سے اداکاری کر رہا تھا اور میرے پاس پیسے نہیں تھے، ہوسٹنگ نے میرے لیے چیزیں بدل دی اور اس دوران میری انرجی کبھی کم نہیں ہوئی کیونکہ پیسہ کبھی کم نہیں ہوا"۔

فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ "مجھے لگتا ہے کہ شو کی میزبانی کرنے سے ہی مجھےشہرت ملی اور میں اپنی میزبانی کے لیے جانا جاتا ہوں نہ کہ اپنی ہٹ فلموں کے لیے، جبکہ ہوسٹنگ کے بعد ہی زیادہ تر میری فلمیں ہٹ ہوئی ہیں"۔