'پٹھان' میں فٹنس کیلئے کپڑے دھوئے اور کچن میں بھی کام کیا: شاہ رخ خان

Published On 20 December,2022 06:55 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے فلم 'پٹھان' کیلئے بنائے گئے سکس پیکس کے راز سے پردہ اٹھاکر مداحوں کو حیران کردیا ہے۔

شاہ رخ خان نے اپنی نئی آنیوالی فلم پٹھان کی پروموشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم زیرو کے بعد کام سے بریک لیتے ہوئے باڈی فٹنس پر کڑی محنت کی تھی۔

شاہ رخ ان دنوں اپنی فلم پٹھان کی پروموشن میں مصروف ہیں جو 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہوگی تاہم فیفا ورلڈکپ کے فائنل کے دوران انگلش فٹبالر سے کی گئی گفتگو میں شاہ رخ نے فلم پٹھان کی فٹنس سے متعلق حیران کن انکشاف کیا۔

فلم پٹھان کے لیے بنائے گئے سکس پیکس پر بات کرتے ہوئے شاہ رخ نے بتایا کہ’ میں نے اپنا بہت سارا وقت بچوں کے ساتھ گزارا، میں جسمانی طور پر بہت فٹ ہوگیا ہوں۔

میں نے گھر کا کام کرنا شروع کردیاتھا کیوں کہ کرنے کو کچھ نہیں تھا، ہم سب کووڈ کے دوران گھروں میں قید تھے لہٰذا میں نے جم جانا شروع کیا اور گھر کا کام کرنا شروع کردیا۔

کچن میں کام کیے، کپڑے دھوئے، میں نے اس وقت گھر کے تمام کام کیے اور فٹنس بنائی لیکن وہ ایک بہترین وقت تھا‘۔

دوسری جانب بھارت میں شاہ رخ کی ’پٹھان‘ کے گانے   بے شرم رنگ  کی اشاعت پر انتہا پسند ہندو سیخ پا ہوگئے اور فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔