کنگنا نے تونیشا شرما کی موت کو قتل قرار دے دیا

Published On 29 December,2022 09:13 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے تونیشا شرما کی موت کو قتل قرار دے دیا۔

24 دسمبر کو اداکارہ تونیشا شرما نے علی بابا داستان کابل کے سیٹ پر ہی خودکشی کر لی تھی۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے تونیشا شرما کی موت پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے قتل قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا نے گزشتہ روز تونیشا کی موت پر انسٹاگرام سٹوریز میں کافی طویل پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ "ایک عورت ہر چیز کا مقابلہ کر سکتی ہے، محبت کی، شادی کی، رشتے کی یا حتیٰ کہ کسی عزیز کی کمی کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکتی ہے لیکن وہ کبھی بھی اس حقیقت کا مقابلہ نہیں کر سکتی کہ اس کی محبت کی کہانی میں کبھی محبت ہی نہیں تھی، دوسرے شخص کے لیے اس کی محبت اور کمزوری صرف ایک آسان ہدف تھا، دوسرے شخص نے صرف اسے جسمانی اور جذباتی طور پر استعمال کیا"۔

انہوں نے مزید لکھا کہ "ایسی حالت میں وہ اپنے تاثرات پر بھروسہ نہیں کر سکتی، جس کو زندہ یا مردہ ہونے میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا، اگر وہ اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو براہ کرم جان لیں کہ یہ اس نے اکیلے نہیں کیا، یہ ایک قتل ہے"۔