ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی نئی فلم ’’ ایمرجنسی ‘‘ کے حوالے سے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے ’’ ایمرجنسی ‘‘ بنانے کیلئے اپنی تمام جائیداد گروی رکھی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے ایک پیغام میں اداکارہ کنگنا رناوت نے فلم ’’ ایمرجنسی ‘‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کی خبر مداحوں کو دیتے ہوئے فلم سے متعلق چند تفصیلات بھی شیئر کیں جس میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں فلم بنانے کے لیے اپنی تمام جائیداد گروی رکھنی پڑی۔
اداکارہ نے شوٹنگ کے آخری روز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ ہم نے ایمرجنسی کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے جس کے بعد میری زندگی کا ایک شاندار مرحلہ اپنی تکمیل کو پہنچ گیا، لگتا ایسا ہے کہ میں اس مرحلے سے آرام سے گزری ہوں لیکن حقیقت اس سے برعکس ہے ‘‘۔
کنگنا نے لکھا کہ ’’ فلم بنانے کیلئے اپنی تمام جائیداد گروی رکھنے سے لے کر پہلے شیڈول کے دوران ڈینگی کی تشخیص ہونے تک ان تمام مراحل سے گزری اور فلم مکمل کی، اس تجربے میں ایک فرد کے طور پر میرے کردار کا سخت امتحان لیا گیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’ یہ میرے لیے دوبارہ جنم لینے جیسا ہے اور میں خود کو ایسا زندہ محسوس کرتی ہوں جیسا کہ پہلے کبھی نہیں ، میری زبردست اور باصلاحیت ٹیم کا شکریہ کہ اس نے میرے لیے یہ سب کیا، وہ تمام لوگ جو میری پرواہ کرتے ہیں براہ کرم جان لیں کہ میں اب ایک محفوظ جگہ پر ہوں، مجھے صرف آپ کی دعاؤں اور محبتوں کی ضرورت ہے ‘‘۔
خیال رہے کہ فلم ایمر جنسی سے کنگنا رناوت بحیثیت ڈائریکٹر ڈیبیو کررہی ہیں جو کہ 1977میں بھارت میں نافذ ہونے والی ایمرجنسی کی کہانی پر مبنی ہے اور اداکارہ اس میں سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی۔