لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکارہ آئمہ بیگ نے ہیک ہونے کے ڈر سے انسٹاگرام پروفائل کو لاک کردیا۔
معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی انسٹاگرام پروفائل کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے باعث پلیٹ فارم کی جانب سے حفاظتی مقاصد کے تحت ان کی پروفائل کو لاک کردیا گیا ہے لہذا مداح ان کے لیے پریشان نہ ہوں ۔
آئمہ بیگ کی پی آر مینیجر سحر اقبال نے مداحوں کو بتایا کہ وہ کہیں غائب نہیں ہوئیں نہ ہی ان کا اکاؤنٹ ختم ہوا ہے۔
آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بروقت اپنی پروفائل ہیکینگ کی اطلاع انسٹاگرام کو کردی تھی، جس کے فوری بعد حفاظتی مقاصد کی بناء پر ان کی پروفائل لاک کردی گئی۔
گلوکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی سوشل میڈیا شناخت کو بدنیتی کے تحت ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی ، فی الحال ٹیم کی جانب سے ان کی انسٹاگرام پروفائل کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے ۔