جمائمہ کی فلم پاکستان میں کب ریلیز ہو گی؟ فلمساز نے تاریخ بتا دی

Published On 25 February,2023 10:32 am

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور برطانوی فلمساز جمائمہ کی پہلی فلم کی پاکستان میں ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔

جمائمہ کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اِٹ‘ میں شہزاد لطیف، ایما تھامسن، للی جیمس، سجل علی اور شبانہ اعظمی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

پوری دنیا میں مثبت ریویو حاصل کرنے والی فلم کی کہانی جنوبی ایشیائی ثقافت میں ارینج میرج کے موضوع کے گرد گھومتی ہے۔

اب برطانوی فلم ساز جمائمہ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی فلم پاکستان میں 3 مارچ کو ریلیز کے لئے تیار ہے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے معروف پاکستان گلوکار شہزاد رائے کے ایک سوال پر ٹویٹر میں کیا جب گلوکار نے ان سے پوچھا کہ فلم پاکستان میں کب ریلیز ہوگی۔

جمائمہ نے گلوکار شہزاد رائے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جواب دیا کہ تین مارچ کو فلم پاکستان میں ریلیز ہوگی۔