لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار نعیم حق نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھارت سے اداکاری کی تربیت لے کر آئے ہیں۔
حال ہی میں نعیم حق نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ میں بھارت سے اداکاری کی تربیت لے کر آیا ہوں ، میری استاد ساجدہ ونڈل نے کالج کی بنیاد پر انیل کپور کے ایکٹنگ سکول میں میرا داخلہ کروایا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ میں نے شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ تقریباً8 دفعہ دیکھی تھی، مجھے تجسس ہوا کہ شاہ رخ اتنے اچھے اداکار کیسے ہیں؟ اور بالی وڈ کی فلمز میں اداکار کیسے اتنا اچھا پرفارم کرلیتے ہیں؟ ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی استاد ساجدہ ونڈل کے پاس جا کر درخواست کی کہ وہ کالج کی بنیاد پر انیل کپور کے ایکٹنگ سکول میں میرا داخلہ کروا دیں کیوں کہ ذاتی طور پرنوجوانوں کیلئے بھارت جا کر سکول میں داخلہ لینا بہت مشکل کام ہے، اس کے بعد ان کے تعاون سے میرا بھارت کے سکول میں داخلہ ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکول میں روزانہ 6 گھنٹے اداکاری کی تربیت دی جاتی تھی، 3 دن بعد ہی مجھے وہ کلاسز مشکل لگنے لگیں لیکن وہ تجربہ اچھا ثابت ہوا۔