بنگلور: (ویب ڈیسک) بھارتی کنڑ فلم انڈسٹری کے اداکار چیتن کمار کو ہندو مذہب سے متعلق قابل اعتراض ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چیتن کمار کا تعلق دلت کمیونٹی سے ہے اور وہ اپنی برادری کے حقوق کی لڑائی میں متحرک نظر آتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار کی جانب سے ہندو مذہب کے لئے قابل اعتراض بیان کی وجہ سے ہندوؤں کے جذبات کو تکلیف پہنچی ہے جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
چیتن کمار کی جانب سے ٹوئٹ کئے جانے پر کچھ ہی گھنٹوں بعد ہندو تنظیموں کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا تھا جس کے تحت انہیں بنگلور پولیس نے گرفتار کیا اورضلعی عدالت میں پیش کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چیتن کمار کو کرناٹک کی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کرشنا ڈکشٹ کے خلاف متنازع ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔