لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابق اداکارہ ایمن خان نے انڈسٹری کو خیر آباد کہنے کی وجہ بتا دی۔
ایمن خان ایک سابق پاکستانی اداکارہ ہیں ، انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 2013 میں ’ ڈرامہ میری بیٹی ‘ سے کیا اور اس کے بعد کئی سیریلز میں نظر آئیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ کس طرح ان کی بیٹی امل منیب کی آمد نے زندگی کے بارے میں ان کا نقطہ نظر بدل دیا ہے۔
پروگرام کے دوران شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ اب ان کی ترجیحات مختلف ہیں کیونکہ جب وہ غیر شادی شدہ تھیں اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی تو وہ وقت کچھ اور تھا۔
ایمن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں اور ان کا فیشن بزنس برانڈ پہلے ہی اتنا اچھا کر رہا ہے کہ انہیں اب اداکاری میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد میں اپنی والدہ کے ساتھ کافی وقت گزارتی ہوں اور اکثر انہیں باہر لے کر بھی جاتی رہتی ہوں۔