شازیل شوکت بھارتی اداکارہ کرینہ کپور خان کی مداح نکلیں

Published On 05 April,2023 04:44 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ شازیل شوکت بھارتی اداکارہ کرینہ کپور خان کی مداح نکلیں۔

شازیل شوکت انڈسٹری میں ایک نیا چہرہ ہیں اور وہ انتہائی مختلف کردار ادا کر کے آہستہ آہستہ اپنے لیے جگہ بنا رہی ہیں، وہ ان دنوں ڈرامہ ’ سمجھوتہ ‘ میں نظر آرہی ہیں جس میں وہ ایک بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں ان سے پوچھا گیا کہ انہیں اداکارہ بننے کے لیے کس نے متاثر کیا اور وہ پاکستان میں سب سے زیادہ کس کو پسند کرتی ہیں۔

شازیل کا سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ وہ پاکستانی انڈسٹری میں خود کو پسند کرتی ہیں اور کوئی نہیں کیونکہ ان کی پسندیدہ سٹار وہ خود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان کی بہت بڑی مداح رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرینہ کپور کی فلم ’جب وی میٹ ‘ میں اداکارہ کو دیکھنے کے بعد ہی میں نے اداکارہ بننے کا فیصلہ کیا اور میں کرینہ کی اداکاری سے ہی سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔