لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ رابعہ کلثوم نے ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ بنائی گئی ڈانس کی متنازعہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہٹانے کی وجہ بتا دی۔
رابعہ کلثوم ایک باصلاحیت پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں جنہوں نے کئی ہٹ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
حال ہی میں رابعہ کلثوم نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے جاری ڈراموں کے بارے میں بات کی اور ہانیہ عامر کے ساتھ بنائی گئی متنازعہ ویڈیو کے بارے بھی بتایا۔
اداکارہ نے بتایا کہ لوگ ہماری ڈانس ویڈیو کے بارے میں پہلے ہی بہت باتیں کر چکے ہیں، ویڈیو نے ایک بہت بڑا مسئلہ پیدا کیا اور اسے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، پتہ نہیں کیوں؟ لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ مذہبی مواد کی وجہ سے ایک مسئلہ بن گیا اور تھوڑا سا متنازعہ ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایسی چیزیں بہت خطرناک ہو جاتی ہیں اس لیے ہم نے جان بوجھ کر اسے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے ہٹا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانی چاہیے، ویڈیو میں قوالی نہیں تھی لیکن لوگوں نے اسے پسند نہیں کیا اس لئے ہم نے لوگوں کی رائے کا احترام کیا۔
انہوں نے میزبان کی اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ لوگوں کو بہت سی چیزوں کے بارے میں زیادہ تحمل اور صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔