ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ اوور دی ٹاپ ( او ٹی ٹی ) پلیٹ فارمز پر مواد کی جانچ ہونی چاہیے، جتنا صاف ستھرا مواد ہوگا اتنا ہی بہتر ہوگا۔
بھارت کے اکثر اداکار او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر جلوہ گر ہوچکے ہیں جبکہ سلمان خان نے اب تک کسی پلیٹ فارم پر ڈیبیو نہیں کیا۔
ایک تقریب کے دوران سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر صاف ستھرے مواد اور سینسرشپ کا مطالبہ کرتے ہوئے سلمان خان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ او ٹی ٹی میڈیم پر سینسرشپ ہونی چاہیے، یہاں بیہودگی، عریانی اور گالی گلوچ کو ختم ہونا چاہیے۔
اداکار نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ او ٹی ٹی پر مواد کی جانچ ہونی چاہیے، جتنا صاف ستھرا مواد ہوگا اتنا ہی بہتر ہوگا کیونکہ اس کی ویورشپ زیادہ ہوگی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ 15 یا 16 سال کے نوجوان بھی یہ مواد دیکھتے ہیں، کیا آپ چاہیں گے کہ آپ کی بیٹی بھی اس طرح کا مواد دیکھے ؟۔
واضح رہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر مواد سے متعلق تنازعات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حال ہی میں بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور ایشوریا رائے سے متعلق بھی نازیبا گفتگو کی گئی۔