لاہور: (ویب ڈیسک) تنازعات کا شکار پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی اداکار منیب بٹ کے بعد اب اداکارہ اشنا شاہ سے بھی صلح ہو گئی۔
سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ اشنا شاہ نے اداکار فیروز خان کو ماہ رمضان کے صدقے معاف کرنے کا اعلان کیا۔
اداکارہ نے اپنی سٹوری میں اداکار فیروز خان اور اپنے جم انسٹرکٹر کے ہمراہ تصویر اور ایک حدیث نبویﷺ کا ترجمہ بھی شیئر کیا، جس کے مطابق ’رمضان المبارک ایسا مہینہ ہے جس کا اول حصہ رحمت ہے، اس کے درمیان میں بخشش ہے اور اس کے آخر میں جہنم سے نجات ہے‘ اور یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے۔
اداکارہ اشنا شاہ نے اس کے علاوہ مزید دو اور سٹوریز شیئر کی ہیں جن میں انہوں نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کے کیس کو فیروز خان کے معاملے سے جوڑتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی جس میں کسی کو اس قدر ہراساں کیا جائے کہ وہ خود کو ہی نقصان پہنچا دے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب میں سے جس جس نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کو ان کی زندگی میں یہ جانتے ہوئے کہ وہ تکلیف میں ہیں، انہیں معاف نہیں کیا تو اِن کا خون ان کے سر ہے، اس احساس جرم کو ختم تو نہیں کرسکتی لیکن اس سے سیکھ ضرور سکتی ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جب کسی عورت پر ظلم ہوتا ہے تو یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ ہم اس سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس وقت تک اس کے ساتھ کھڑے رہیں جب تک اسے انصاف نہ مل جائے اور اس پر ظلم کرنے والے مرد کو اس بات کا احساس نہ ہوجائے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمیں یہ حق حاصل ہوجائے کہ ہم خود ہی اس مرد کو سزا دیں۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ کسی کو بھی ہراساں کرنے کی کسی بھی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی اور اداکار فیروز خان کے معاملے میں انہیں زبردستی ملوث کیا گیا۔
دوسری جانب اداکار فیروز خان نے اشنا شاہ کی انسٹا سٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے ایک آیت شیئر کی جس کا ترجمہ یہ ہے کہ ’ بےشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے‘۔
یاد رہے کہ فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے فاطمہ کی جانب سے اداکار پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کرنے کے بعد اداکارہ اشنا شاہ نے ساتھی اداکار فیروز خان کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے علیزے فاطمہ کی حمایت میں کہا تھا کہ ’میں اب بھی فیروز کے علیزے پر کیے جانے والے تشدد کی بات کو ہضم کرنے کی کوشش کررہی ہوں، میں اس وقت صدمے کی کیفیت میں ہوں‘۔
I am still processing this and am in a state of shock. Nothing can and will justify violence against a woman. My heart is with Alizah as well as Sultan, and Fatima.
— Ushna Shah (@ushnashah) October 25, 2022
Ushna
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت میرا دل علیزے اور ان کے بچوں کے ساتھ ہے۔