لاہور: ( ویب ڈیسک ) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مصنفہ اور ناول نگار صائمہ اکرم چودھری نے کہا ہے کہ وہ کم از کم دو سال تک رمضان ڈرامہ نہیں لکھیں گی کیونکہ وہ کام کر کے تھک چکی ہیں۔
صائمہ اکرم چودھری نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے رمضان ڈراموں کے بارے میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مطلوبہ پیغام کو ہلکے پھلکے انداز میں شیئر کرنے پر یقین رکھتی ہیں لیکن آج کے رمضان ڈرامے محض مزاحیہ بن گئے ہیں جو انہیں پسند نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل ڈراموں میں ہر چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے جو بجا طور پر لوگوں کو تنگ کرتا ہے اور شائقین اسے مزید نہیں پسند کریں گے، ہر سیزن میں چار ڈرامے بنانا بھی لوگوں کو اچھا نہیں لگتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کاسٹنگ کے دوران مصنفین سے مشورہ کیا جانا چاہیے کیونکہ وہ سکرپٹ لکھتے ہوئے اس میں کسی اداکار یا اداکارہ کا تصور کرتے ہیں اور بعض اوقات کاسٹنگ اس کے بالکل برعکس ہوتی ہے۔
انہوں نے پروڈیوسرز کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ صرف ایک ڈرامہ بنائیں اور چار بے مقصد پروجیکٹس کے بجائے سارا بجٹ اس پر لگائیں۔