عید الفطر پر پانچ فلمیں ریلیز، لیجنڈ آف مولا جٹ کی پھر واپسی

Published On 22 April,2023 01:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں آج عید الفطر کے موقع پر 5 فلمیں ریلیز کی جارہی ہیں جس کے باعث سینما گھروں میں گہماگہمی عروج پر ہے۔

پاکستان کی فلم انڈسٹری نے ماضی میں کئی شہرۂ آفاق اور سپرہٹ فلمیں دیں جن کا معترف پڑوسی ملک بھی رہا ہے تاہم کچھ برسوں سے پاکستانی فلم انڈسٹری روبہ زوال تھی جو اب دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہے۔

اس عید الفطر میں پانچ بڑی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی جن میں سے ایک سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم کی پہلی ڈیبیو فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ ہے جو ایک ہیوی بجٹ فلم ہے۔

فلم کی کہانی ایک بینک ڈکیتی کے گرد گھومتی تھی، فلم میں دیگر اداکاروں میں فواد خان، جاوید شیخ، میکال ذوالفقار، گوہر رشید، عائشہ عمر شامل ہیں۔

فواد خان اس فلم میں مولا جٹ کے برعکس بالکل الگ کردار میں نظر آئیں گے، یہ سال کی سب سے مہنگی فلم ہے جس کے ڈائریکٹر فیصل قریشی ہیں۔

ماضی کے مقبول ترین ہیرو شاہد کے بیٹے اور صحافی کامران شاہد کی فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ شاہد فلمز اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بنی، اس کے ہدایت کار اور مصنف کامران شاہد ہیں۔

فلم میں میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، فلم کی کہانی 1971 کی جنگ اور سقوط ڈھاکا کے دوران محبت کی ان کہی داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں معروف اداکار سہیل احمد اور شفقت چیمہ کی موجودگی نے چار چاند لگا دیے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں محمود اسلم، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان شامل ہیں۔

اس فلم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ فلم سٹار شاہد کئی برسوں بعد بڑی سکرین پر نظر آئیں گے، ان کے مداح اپنے پسندیدہ ہیرو کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

فلم میکنگ میں جلد ہی اپنا نام بنانے والے ابو علیحہ اس عید پر کراچی کی جرائم کی دنیا پر ایکشن تھرل فلم ’’ دلدل‘‘ لا رہے ہیں، ابوعلیحہ کراچی کے حالات سے بخوبی واقف ہیں بلکہ کسی حد تک اس کا شکار بھی ہوئے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ کراچی کی سیاست اور حالات میں دلچسپی رکھنے والے فلم دلدل کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے، امید ہے کہ فلم انڈسٹری میں دھواں دھار انٹری دینے والے میں ابوعلیحہ کی یہ فلم بھی کامیاب جائے گی۔

اسی طرح ندیم چیمہ بھی لارہے ہیں ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’’دوڑ‘‘ جس میں سلیم معراج اور شفقت چیمہ اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، پنجابی فلم ’’لاہور قلندر‘‘ بھی اس عید پر سینماؤں کی زینت بنی ہے۔

اسی طرح بلال لاشاری کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اس عید پر دوبارہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں ریلیز کیا گیا ہے۔