شاہ رخ خان نے آنیوالی فلم ' جوان ' کے پسندیدہ گانے کا ٹیزر جاری کردیا

Published On 13 August,2023 06:42 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے سپراسٹار شاہ رخ خان نے اپنی میگا تھرلر فلم ’جوان‘ کے نئے رومینٹک گانے کا ٹیزر جاری کردیا۔

نئے ٹیزر میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان اور نیانترا ایک ساتھ نظر آئے ہیں اور نیا گانا ’چلیا‘ 14 اگست کو ریلیز کیا جائے گا،ایکشن تھرلر ’جوان‘ کا اس سے قبل ’زندہ بندہ‘ کے نام سے گانا ریلیز ہوچکا ہے جسے فلمی شائقین نے بہت زیادہ پسند کیا ہے۔

کنگ خان نے چند روز قبل مداحوں سے سوشل میڈیا پر گفتگو میں انکشاف کیا تھا کہ ’جوان‘ میں ان کا سب سے پسندیدہ گانا ’چلیا‘ ہے۔

اداکار کی پسندیدگی کے بعد مداح اس گانے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں اور اب گانے کے ٹیزر اور اریجیت سنگھ کے مسحور کن آواز نے انہیں مزید بے تاب کردیا ہے۔

’جوان‘ اگلے ماہ 7 ستمبر کو پوری دنیا میں ہندی، تامل، تیلگو، کناڈا اور ملیالم زبانوں میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔