ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ’ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ‘ نے میگا فلم ’جوان‘ کے مناظر آن لائن لیک کرنے پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق مبینہ چوری کی باضابطہ شکایت انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت 10 اگست کو درج کرائی گئی ہے، پولیس کو درج کرائی گئی شکایت میں ٹویٹر کے پانچ اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی اور ان کو استعمال کرنے والوں کی تفصیلات بھی دی گئی ہے۔
بالی وڈ کنگ کی فلم ’پٹھان‘ کے ویڈیو کلپ بھی اس سے قبل لیک ہوئے تھے اور اب اطلاعات کے مطابق مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ’جوان‘ کے ویڈیو کلپ گردش کررہے ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فلم کی ویڈیو لیک میں ملوث پانچوں ٹویٹر اکاؤنٹس چلانے والوں کو قانونی نوٹس بھیجے گئے لیکن ان میں سے صرف ایک نے نوٹس کو موصول کیا ہے، قبل ازیں ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے لیک ویڈیوز کو سوشل میڈیا ویب سائٹ سے ہٹانے کیلئے دہلی ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔