لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے اداکاری سے قبل ایئر ہوسٹنگ سمیت متعدد شعبے آزمائے۔
اداکارہ سنیتا مارشل نے نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور کیرئیر سے متعلق کھل کر بات کی۔
اس دوران اداکارہ کا ایک سوال کے جواب میں بتانا تھا کہ انہوں نے آج تک اس لیے فلم نہیں کی کیوں کہ جب انہیں فلموں میں کردار آفر ہو رہے تھے اس وقت صرف پنجابی فلمیں ہی بنتی تھیں، اس لیے انہوں نے آج تک کوئی فلم نہیں کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر آج انہیں فلم میں اچھا کردار آفر ہو تو وہ فلموں میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اداکارہ کا اپنی پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتانا تھا کہ وہ جلد ایک منفی اور منفرد کردار میں نظر آئیں گی۔
سنیتا مارشل نے بتایا کہ انہیں بچپن میں ٹیچر بننے کا شوق تھا، پھر انہوں نے کاروبار کرنے کا بھی سوچا، جب ملازمت کرنے کی ضرورت پڑی تو انہوں نے ایئر ہوسٹنگ کے شعبے میں بھی قسمت آزمائی اور سلکیٹ بھی ہو گئی تھیں، بعد ازاں انہوں نے ماڈلنگ کو بطور کیریئر چنا اور اداکارہ بن گئیں۔