لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے نئے گانے ’’چند ماہیا‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔
نامور گلوکار عاصم اظہر نے اپنا نیا گانا ’’چند ماہیا‘‘ ریلیز کر دیا جس نے منظر عام پر آتے ہی شائقینِ موسیقی اور ناظرین پر اپنا سحر طاری کر دیا ہے۔
2 منٹ 59 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل ’’چند ماہیا‘‘ گانے کی شاعری، میوزک کمپوزیشن اور پروڈکشن عاصم اظہر نے کی ہے جبکہ عاصم اظہر کے علاوہ علی رضا، حسن علی بطور میوزک کمپوزر، رامس علی بطور لیریسسٹ اور سلمان نصیر نے بطور میوزک پروڈیوسر اپنے فرائض سرانجام دیئے۔
نئے شاہکار سے متعلق گلوکار کا کہنا تھا کہ ’میں کچھ ایسی تخلیق کرنا چاہتا تھا جو لوگوں کے ساتھ گہری، جذباتی سطح پر جڑے، چند ماہیا صرف ایک گانا نہیں ہے یہ ایک تجربہ ہے اور مجھے امید ہے یہ ہر اس شخص کے ساتھ گونجتا ہے جو اسے سنتا ہے۔
صرف یہی نہیں انہوں نے مذکورہ گانے کو اپنے منگیتر سے منسوب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گانا میں نے میرب سے متاثر ہوتے ہوئے لکھا تھا۔