لاہور: (ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ ثنا نواز نے کہا ہے کہ کم بجٹ کی وجہ سے پاکستان میں معیاری فلمیں نہیں بن رہیں۔
حال ہی میں اداکارہ ثنا نواز نے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثنا کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں کا معیار اب بھی بہتر نہیں ہے، مجھے لگتا ہے کہ پاکستانی سینما میں فلموں کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا، پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی فلموں کے مقابلے پاکستانی ڈرامے زیادہ شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم بالی وُڈ سے متاثر ہو کر فلمیں دیکھتے ہیں، پاکستان میں زیادہ بجٹ نہیں ہے جس کی وجہ سے فلمیں معیاری نہیں بن رہیں۔
اپنے ہیوی بائیک کے شوق بارے اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ہیوی بائیک چلانے کا بے حد شوق ہے، اس دوران میں کئی مرتبہ گِر بھی چکی ہوں، جب بھی ہیوی بائیک چلاتی ہوں تو میرے پیچھے کچھ لڑکے لگ جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے اس شوق کو پورا کرنے کیلئے میں نے گھر میں ہارلے ڈیوڈسن فیٹ بوب رکھی ہوئی ہے جس کی کل مالیت تقریباً 50 لاکھ پاکستانی روپے ہے۔