اذان سمیع خان کی لائیو پرفارمنس، والدہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں

Published On 07 November,2023 10:53 am

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکار عدنان سمیع خان کے بیٹے اذان سمیع خان نے ماں پر مبنی اپنے نئے گانے کی پرفارمنس سے اپنی والدہ کو بھی جذباتی کردیا۔

حال ہی میں اذان سمیع خان نے والدہ زیبا بختیار کے ہمراہ ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی والدہ کو گانے کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔

اذان سمیع خان نے شو کے دوران والدہ کے لیے ایک گانا گایا جس کا عنوان ’ماں‘ تھا اور وہ ان کے آنے والے البم کا حصہ ہے۔

جب شو میں اذان سمیع خان گانا گا رہے تھے تب ان کی والدہ زیبا بختیار جذباتی ہو گئیں اور بعد میں انہوں نے اعتراف کیا کہ بیٹے کا گانا سن کر انہیں گھٹن محسوس ہو رہی تھی، ان سے گانا سنا نہیں جا رہا تھا۔

زیبا بختیار کا مزید کہنا تھا کہ انہیں زندگی کا سب سے خوبصورت تحفہ بیٹا ملا اور پھر بیٹے کے بچے ان کے لیے نعمت ثابت ہوئے۔