لاہور: (ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ و شاعرہ یاسرہ رضوی نے کہا ہے کہ زندگی کی مزید ار بات یہ ہے کہ یہ تب سمجھ آنا شروع ہوتی ہے جب اختتام کے قریب ہوتی ہے۔
اداکارہ یاسرہ رضوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے زندگی کے سب سے بڑے سبق سے متعلق بات کی۔
ویڈیو پیغام میں یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ جب انسان زندگی کے مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے ادھیڑ عمر میں پہنچتا ہے تو زندگی کے کئی رازوں سے پردہ اٹھنا شروع ہوجاتا ہے۔
زندگی کے سب سے بڑے سبق سے متعلق بات کرتے ہوئے یاسرہ نے کہا کہ حال ہی میں ڈاکٹر اسرار احمد کا ایک ویڈیو پیغام دیکھا جس سے میں بے حد متاثر ہوئی۔
انہوں نے وضاحت دی کہ ڈاکٹر اسرار احمد کا کہنا تھا کہ "اگر انسان کسی دوسرے انسان کو دکھ یا تکلیف میں دیکھے اور اس کا مداوا کرنا اس کی پہلی ترجیح نہ ہو تو وہ عابد و زاہد اور عاقل ہو سکتا ہے، اس میں کئی خوبیاں ہو سکتی ہیں مگر وہ نیک نہیں ہوسکتا"۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’نیکی کا دارومدار اور اس کی بنیاد ہی درد دل ہے اور یہی میری زندگی کا سب سے بڑا سبق ہے جو میں نے سیکھا ہے ۔