لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ نتاشا علی نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر میں چہرہ چھپا بھی لوں تو مداح آنکھیں اور زلفیں دیکھ کر پہچا ن لیتے ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نتاشا علی نے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے شادی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
شادی کے بعد زندگی میں تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نتاشا علی کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد میری زندگی اور عادتیں تبدیل ہو چکی ہیں، شادی سے پہلے میں شوٹنگ پر ہمیشہ تاخیر سے پہنچتی تھی، مجھے نیند سے اٹھنے میں مشکل درپیش ہوتی تھی لیکن شادی کے بعد میں جلد جاگ جاتی ہوں۔
ایک اور سوال کے جواب میں نتاشا علی نے انکشاف کیا کہ ایک ساتھی اداکارہ نے مجھ سے شادی کے بعد کی زندگی سے متعلق پوچھتے ہوئے مشورہ دیا کہ شوہر کی نوکرانی بن کر نہ رہنا۔
نتاشا نے نام لیے بغیر کہا کہ اداکارہ نے مجھ سے پوچھا کہ میں شوہر کے کون کون سے کام کرتی ہوں؟ جس پر میں نے جواب دیا کہ میں شوہر کے جوتے پالش کرتی ہوں، ان کے کپڑے استری کرتی ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات سن کر اداکارہ نے انہیں مشورہ دیا کہ شوہر کی نوکرانی بن کر نہ رہو، انہیں سیدھا سیدھا جواب دے دو جس پر میں نے کہا کہ شوہر کے کام کرنا میرا فرض ہے، جس پر اداکارہ خاموش ہوگئیں۔