لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ فضا علی کے سابق شوہر نے کہا ہے کہ فضا کو پروگرامز میں بلا کر طلاق بارے سوالا ت نہ پوچھے جائیں۔
فضا علی کے سابق شوہر فواد فاروق نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ٹی وی شوز کے میزبان اپنے پروگراموں کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے فضا علی کو بلاکر ان سے طلاق بارے بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مارننگ شو میں بھی فضا علی کو بطور تنہا ماں بلایا گیا تھا اور اسی معاملے پر بات کی جانی تھی لیکن میزبان نے ان سے طلاق پر سوالات کرکے انہیں جذباتی طور پر ٹھیس پہنچائی۔
اداکارہ کے سابق شوہر نے فضا علی کی تعریفیں کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ اچھی بیوی اور اچھی بہو تھیں لیکن کچھ خاندانی مسائل کی وجہ سے ان کی شادی نہیں چل سکی اور وہ مذکورہ مسائل کسی کو نہیں بتا سکتے۔
انہوں نے کسی بھی ٹی وی میزبان کا نام لکھے بغیر ان سے درخواست کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ فضا علی کو پروگرامز میں طلاق پر بات کرنے کے لیے نہ بلایا جائے، انہیں جذباتی طور پر ٹھیس پہنچانے کا عمل بند کیا جانا چاہیے۔