لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی سینئر اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ان پر لگائے گئے الزامات کو سچ ثابت کرنے کا چیلنج کردیا۔
حال ہی میں عفت عمر نے نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا جہاں میزبان نے اداکارہ سے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر سے متعلق سوال پوچھا جس پر عفت عمر نے کہا کہ میں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ وہ بہت چھوٹی سوچ کے آدمی ہیں۔
عفت عمر نے کہا کہ انہوں (خلیل الرحمان قمر) نے میرے بارے میں اتنی گھٹیا بات بولی ہے کہ میں ان کا نام بھی نہیں لینا چاہتی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے کبھی ان (خلیل الرحمان قمر) کی ذات پر کوئی بات نہیں کی، مجھے ان کی صرف اس بات سے اختلاف تھا کہ انہوں نے نیشنل ٹیلی وژن پر بیٹھ کر گالیاں دیں اور میرا یہ اختلاف اس لیے نہیں تھا کہ انہوں نے کسی عورت کو گالیاں دیں بلکہ اگر وہ کسی مرد کو بھی اس طرح گالیاں دیتے تو اس صورت میں بھی میرا ردعمل یہی ہونا تھا کیونکہ کوئی بھی شخص نیشنل ٹیلی وژن پر بیٹھ کر کسی کو گالی نہیں دے سکتا۔
عفت عمر نے کہا کہ انہوں (خلیل الرحمان قمر) نے ٹی وی شو میں بیٹھ کر مجھے دو نمبر عورت کہا، آج میں انہیں چیلنج کرتی ہوں اگر ان کے اندر ہمت ہے تو پھر سامنے آئیں اور سب کے سامنے میری دو نمبری کو ثابت کریں۔