تمام مرد لڑکیوں سے فلرٹ کرتے ہیں: اسماء عباس

Published On 17 March,2024 02:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر پاکستانی اداکارہ اسماء عباس نے کہا ہے کہ تمام مرد لڑکیوں سے فلرٹ کرتے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ اسماء عباس نے نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

پروگرام کے دوران اپنی ابتدائی زندگی اور والد کے رویئے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد بالکل بھی روشن اور آزاد خیال نہیں تھے، وہ بہت قدامت پسند آدمی تھے، مغرب کے بعد ہمیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔

سینئر اداکارہ نے بتایا کہ بڑی بہن و اداکارہ بشریٰ انصاری نے والد کی سختی سے فرار اختیار کرنے کیلئے شادی کا راستہ چنا، والدین جب اولاد پر سختی کرتے ہیں تو بچے بالخصوص لڑکیاں فرار ہونے کے راستے تلاش کرنا شروع کر دیتی ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ایسا ماحول میرے گھر میں بھی تھا، بیٹی زارا نور عباس میں بہت زیادہ ٹیلنٹ تھا لیکن شوہر نے اسے کام کرنے کی اجازت نہیں دی، ان کا دباؤ تھا کہ زارا وکالت کی تعلیم حاصل کرے لیکن وہ فلم پڑھنے میں دلچسپی رکھتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ والد کی اتنی سختی تھی اسی دوران امریکا سے زارا کیلئے ایک رشتہ آیا اور زارا نے فوراً ہاں کر دی لیکن بدقسمتی سے اس کا شادی کا فیصلہ غلط ثابت ہوگیا اور شادی کے 8 ماہ بعد طلاق لے کر گھر واپس آگئی۔

شوہر سے متعلق بات کرتے ہوئے اسماء عباس کا کہنا تھا کہ تمام مرد لڑکیوں سے فلرٹ کرتے ہیں، میں جانتی ہوں میرے شوہر مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں لیکن اگر وہ تھوڑا فلرٹ کر لیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔