کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نے امریکا میں پیش آنے والے واقعے پر فاسٹ بولر حارث رؤف کی حمایت کردی۔
فہد مصطفیٰ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ میں حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں، اداکار نے کہا کہ مداحوں کو سب کی فیملی کا احترام کرنا چاہیے اور چاہے کچھ بھی ہوجائے اپنی حدود کو پار نہیں کرنا چاہیے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات سے کسی بھی شخص کی ساکھ اور صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، خاص طور پر جب فیملی ساتھ ہو تو ایسے واقعات شدت اختیار کرلیتے ہیں۔
یاد رہے کہ فلوریڈا میں فاسٹ بولر حارث رؤف کی ایک مداح سے الجھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس موقع پر حارث کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔
فین نے حارث رؤف سے سیلفی کی درخواست کی تھی اور تنقید بھی کی تھی جس پر حارث رؤف غصے میں آئے، موقع پر موجود افراد نے حارث روف اور جھگڑا کرنے والے شخص کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔