لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار ظفر شباب کی آج 30 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
ظفر شباب معروف فلمساز، ہدایتکار، کہانی نویس اور شاعر شباب کیرانوی کے فرزند تھے، شباب فیملی نے پاکستان فلم انڈسٹری پر عرصہ دراز تک راج کیا اور کئی سپرہٹ فلمیں دیں، ہدایتکار ظفرشباب لالی ووڈ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ہدایت کار ظفرشباب نے 1968ء میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، ان کی پہلی فلم ’’سنگدل‘‘ سپرہٹ ثابت ہوئی تاہم 1976ء میں فلم ’’وقت‘‘ نے ڈائریکٹر ظفر شباب کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
ظفر شباب کو فلم نگری میں وہ مقام حاصل ہوا جو کسی اور کے حصے میں نہیں آیا، انہوں نے میکلوڈ روڈ لاہور پر شباب ڈسٹری بیوشن آفس اور شباب سٹوڈیو قائم کیا جہاں سے نامور فلمیں ریلیز کی گئیں، ان کی فلموں میں بھروسہ، آواز، کوچوان، قسمت، نیاراستہ اور درد قابل ذکر ہیں۔
ہدایت کار ظفر شباب دس فلموں کے پروڈیوسر بھی تھے اور خود ہی ان فلموں کی ہدایت کاری بھی دی، انہوں نے فلم نگری میں کئی ستاروں کو متعارف کرایا۔
ظفر شباب 8 اگست 1994ء کو لاہور میں انتقال کر گئے، ان کی وفات سے پاکستان فلم انڈسٹری ایک بڑے ہدایتکار سے محروم ہوگئی۔