معروف اداکار، ہدایتکار اور فلم ساز لالہ سدھیر کی آج سالگرہ

Published On 25 January,2025 01:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) معروف اداکار، ہدایتکار اور فلم ساز لالہ سدھیر کی آج سالگرہ منائی جارہی ہے۔

لالہ سدھیر 25جنوری 1921ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، شروع میں بعض مجبوریوں کے تحت فوج میں ملازمت اختیار کی لیکن پھر جلد ہی چھوڑ بھی دی، وہ نہایت خوش شکل اور مردانہ وجاہت کے حامل نوجوان تھے، چند دوستوں کے مشورے پر فلمی دنیا میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

سلور سکرین پر طویل عرصے تک راج کرنے والے سدھیر کا اصل نام شاہ زمان خان آفریدی تھا، انہوں نے 200 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، انہیں دو نگار ایوارڈز ملے، تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

لالہ سدھیر نے بمبئی میں بننے والی فلم ’’ فرض‘‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، پاکستان میں ان کی پہلی فلم ’’ہچکولے‘‘ تھی جسے داؤد چاند نے ڈائریکٹ کیا تھا، ریلیز کے اعتبار سے یہ دوسری پاکستانی فلم تھی، جس کا ایک گیت ’’میں پیار کا دیا جلاتا ہوں تُو چپکے چپکے آجا‘‘ جسے علی بخش ظہور نے گایا تھا اور ماسٹر عنایت حسین نے کمپوز کیا تھا۔

یہ کسی حدتک مقبول ہونے والا پہلا پاکستانی فلمی گیت تھا، جس کی فلم بندی سدھیر پر ہوئی، ہدایت کار سبطین فضلی کی انتہائی معیاری میوزیکل تخلیق ’’دوپٹہ‘‘ 1952ء میں ریلیز ہوئی جو سدھیر کی پہلی سلور جوبلی ہٹ فلم تھی، اس میں انہوں نے ایک نرم خو شریف النفس ڈاکٹر کا کردار بہ حسن خوبی ادا کیا تھا، اس فلم کی ہیروئن نورجہاں تھیں۔

پاکستان کی پہلی گولڈن جوبلی فلم کے ہیرو ہونے کا اعزاز بھی سدھیر ہی کو حاصل ہوا، جب ایور ریڈی پکچرز کی کثیر سرمائے سے بنائی گئی فلم ’’سسی‘‘ نے پچاس ہفتوں کا سنگ میل عبور کیا، جس میں سدھیر ’’پنوں‘‘ کے روپ میں جلوہ گر ہوئے تھے اور ان کی ’’سسی‘‘ کا کردار فرسٹ لیڈی آف سلور سکرین صبیحہ خانم نے ادا کیا تھا، لالہ سدھیر آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔