ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سیف علی خان پر ہونے والے چاقو حملے سے بے خبر تھیں۔
واضح رہے چند روز قبل اروشی روٹیلا کو اُس وقت تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب انٹرویو کے دوران اس سے سیف علی خان پر ہونے والے چاقو حملے کے بارے میں دریافت کیا گیا لیکن اداکارہ اپنی فلم ’ڈاکو مہاراج‘ کی تشہیر اور قیمتی گھڑی و انگوٹھی کی نمائش کرتی نظر آئیں۔
بالی وڈ اداکارہ نے متنازعہ انٹرویو پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیف علی خان پر رات 4 بجے حملہ ہوا جبکہ صبح 8 بجے میرا انٹرویو تھا اس لئے میں بے خبر تھی، مجھے صرف اتنا بتایا گیا کہ فلم اسٹار پر حملہ ہوا ہے لیکن اس کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اُن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں، وہ صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن مجھے اب بھی پورا واقعہ نہیں معلوم کہ ان کے ساتھ کیا ہوا کیونکہ ہر کوئی الگ کہانی بیان کر رہا ہے۔