راکھی ساونت نے نریندر مودی کو پاکستان جانے کی دھمکی دے دی

Published On 23 January,2025 02:07 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ اور رقاصہ راکھی ساونت نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستان جانے کی دھمکی دے دی۔

اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی بھارت کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو پاکستان جانے کی دھمکی دینے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں انہوں نے نریندر مودی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان جا رہی ہیں۔

انہوں نے نریندر مودی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’مودی جی، فٹا فٹ انڈیا میں ٹک ٹاک سٹارٹ کرو ورنہ میں پاکستان چلی جاؤں گی۔‘

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک سے پوری دنیا کے لوگ پیسے کما رہے ہیں لیکن اس پر بھارت میں پابندی ہے۔

راکھی ساونت کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان جا کر وہاں بس جائیں گی اور کسی پاکستانی مرد سے شادی کر لیں گی، وہ پاکستان جا کر حلوہ پوڑی کھائیں گی، زندگی گزاریں گی، وہاں بس جائیں گی۔

اس کے علاوہ بھارتی اداکارہ کی ایک اور مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ اپنا بھارتی پاسپورٹ دکھاتے ہوئے بتاتی ہیں کہ وہ پاکستان جا رہی ہیں۔

راکھی ساونت کی جانب سے نریندر مودی کو دی گئی دھمکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کئے۔