لاہور: (دنیا نیوز) لازوال محبت کے مشہور کردار ’ہیر رانجھا‘ کے خالق اور پنجابی کے عظیم صوفی شاعر وارث شاہ کا 303 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔
ادب کی دنیا میں صدیوں سے جاویداں وارث شاہ 23 جنوری 1722 میں شیخوپورہ کے علاقہ جنڈیالہ شیر خان میں پیدا ہوئے، وہ نہ صرف پنجابی ادب کے اہم ستون ٹھہرے بلکہ ان کی لکھی ہوئی ’’ہیر رانجھا‘‘ محبت، قربانی اور انسانیت کا ایک لافانی قصہ ہے۔
ہر سال وارث شاہ کے چاہنے والے ان کے مزار پر حاضری دیتے ہیں، جہاں دعائیں، کلام کی تلاوت اور محافلِ موسیقی کا انعقاد کیا جاتا ہے، ان کا کلام آج بھی محبت، روحانیت اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔
وارث شاہ کی شاعری کی گہرائی، موضوعات اور فلسفہ نہ صرف پنجابی بلکہ عالمی ادب کا ایک قیمتی خزانہ ہے۔
صوفی شاعر کی ہیر رانجھا میں انسانی جذبات کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے، پنجاب کے دیہات اور شہروں میں آج بھی وارث شاہ کو یاد کرنے کے لئے مختلف تقریبات منعقد ہوتی ہیں، ان کی شاعری نہ صرف محبت بلکہ صوفیانہ فکر کا بھی گہرا اظہار ہے۔