نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں مشہور اداکارہ سواستیکا مکھرجی کے ساتھ ایک عجیب واقعہ پیش آیا، جس میں ایک ڈیلیوری بوائے نے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹس چوری کر لیے۔
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر بتایا کہ انہوں نے 22 جنوری کو میچ کے دو ٹکٹس کا آرڈر دیا تھا، ٹکٹس شام 6:30 پر ڈیلیور ہونے تھے، لیکن ڈیلیوری بوائے نے 5:30 پر آرڈر مکمل ہونے کا نشان لگا کر ان کا نمبر بلاک کر دیا اور ٹکٹس لے کر غائب ہو گیا۔
سواستیکا نے کمپنی کو شکایت درج کرائی اور اپنی پوسٹ میں ڈیلیوری رائیڈر کی تصویر، فون نمبر، اور آرڈر کی تفصیلات شیئر کیں، تاہم، کمپنی کی جانب سے کوئی فوری کارروائی نہیں کی گئی۔
اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹکٹس ان کے بوائے فرینڈ کے والد کے لیے تھے، جو کرکٹ کے بہت بڑے شوقین ہیں اور لائیو میچ دیکھنا چاہتے تھے، لیکن تمام ٹکٹس فروخت ہونے کے باعث ان کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا۔