معروف اداکارہ نیلو بیگم کو مداحوں سے بچھڑے 4 برس بیت گئے

Published On 30 January,2025 09:35 am

لاہور: (دنیا نیوز) لالی ووڈ کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کو مداحوں سے بچھڑے چار برس بیت گئے۔

سرگودھا کے نواحی قصبے بھیرہ کے مسیحی گھرانے میں 30 جون 1940ء کو آنکھ کھولنے والی سنتھیا الیگزینڈر فرنینڈس فلمی دنیا کی نیلو بنی، فلم ڈائریکٹر ریاض شاہد سے شادی کے وقت انہوں نے اسلام قبول کیا اور نام عابدہ رکھا گیا۔

نیلو بیگم نے 1956 ءمیں ہالی ووڈ فلم ’بھوانی جنکشن‘ کے ذریعے فلمی صنعت میں قدم رکھا مگر فلم ’’سات لاکھ‘‘ میں ان پر فلمایا گیا گانا ’’آئے موسم رنگیلے سہانے‘‘ زبان زد عام ہوا، فلم میں نیلو بیگم کی جاندار اداکاری نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

فلم ’’زرقا‘‘ میں علاؤ الدین، طالش سمیت سب نے انتہائی زبردست پرفارمنس دی، تاہم شاندار اداکاری کا نگار ایوارڈ نیلو بیگم کے حصے میں آیا۔

نیلو بیگم نے اپنے فنی کیریئر میں ’’دوشیزہ‘‘، ’’عذرا‘‘، ’’زرقا‘‘، ’’بیٹی‘‘، ’’ڈاچی‘‘، ’’جی دار‘‘، ’’شیر دی بچی‘‘ اور ’’ناگن‘‘ جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا، نیلو بیگم نامور فلم سٹار شان کی والدہ تھیں۔

اداکارہ نیلو بیگم طویل عرصہ کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 30 جنوری 2021ء کو اس دارفانی سے رخصت ہوگئیں۔