کبریٰ خان اور گوہر رشید شادی تقریبات کا آغاز، تصاویر وائرل

Published On 03 February,2025 12:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ کبریٰ خان اور اداکار گوہر رشید کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا جس کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔

اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر رشید رواں ماہ شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں، ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ڈھولکی نائٹ سے ہوا، کبریٰ اور گوہر کا نکاح مقدس شہر مکہ میں ہوگا لیکن ڈھولکی سمیت دیگر فنکشن پاکستان میں منعقد ہورہے ہیں جس میں پاکستانی فنکار بھرپور شرکت کریں گے۔

اداکار گوہر رشید نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ڈھولکی نائٹ سے چند تصاویر بھی شیئر کیں جس میں دُلہن دُلہا سمیت مہمان خوب ہلا گلا کرتے نظر آئے۔

تقریب کی مناسبت سے دُلہنیا کبریٰ خان نے پسٹل رنگ کی پشواس زیب تن کررکھی تھی جبکہ دُلہے راجا گوہر رشید نے بوٹل گرین کُرتا پاجامہ کے ساتھ سبز رنگ کی شال سے اپنے لک کو مکمل کیا۔

گوہر رشید نے خوبصورت جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ’’بے حد محبت اور گلے ملنے کا پیغام‘‘۔

پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں اداکار جوڑی کے مداح ان کی نئی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔