لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں بجلی کے نرخوں میں آئے دن ہونے والا اضافہ جہاں عام شہریوں کیلئے دردِ سر بنا ہوا ہے، وہیں اب اس پر شوبز شخصیات بھی آواز اٹھانے لگی ہیں۔
معروف اداکار نعمان اعجاز نے حالیہ مہنگی بجلی اور یونٹس کے کھیل پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ 200 یونٹ والی بدمعاشی کو ختم کیا جائے۔
حال ہی میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیصلہ جاری کیا ہے، جس کے تحت گھریلو صارفین کے لئے بجلی کے مختلف یونٹس پر ٹیرف میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
ایک سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے نرخ 10.54 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 101 سے 200 یونٹس پر 13 روپے اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 22.44 روپے فی یونٹ طے کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 201 سے زائد یونٹس پر نرخ 28.91 روپے سے 47.69 روپے فی یونٹ تک مقرر کئے گئے ہیں، جو استعمال کے مطابق مختلف ہوں گے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اس فیصلے کا اطلاق حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔
اداکار نعمان اعجاز نے یونٹس اور بجلی کے نرخوں پر طنز کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی، انہوں نے لکھا کہ اس شدید گرمی میں ایک عام آدمی کبھی میٹر کی طرف دیکھتا ہے، کبھی سورج کی طرف اور کبھی اپنے بچوں کی طرف۔
اداکار نعمان اعجاز نے مزید لکھا کہ خدارا، عام آدمی پر رحم فرمائیں اور 200 یونٹ والی بدمعاشی کو ختم کر دیں۔