اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ ادا، سپرد خاک کردیا گیا

Published On 11 July,2025 05:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں ادا کردی گئی، جس کے بعد اداکارہ حمیرا اصغر کی میت کو Q بلاک قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی میت ان کے اہلخانہ نے گزشتہ روز کراچی سے وصول کی تھی، مرحومہ کی میت کراچی سے براستہ ایمبولنس لاہور پہنچائی گئی،اداکارہ کی میت کے ساتھ بھائی، بہنوئی اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔

حمیرا اصغر علی کے چچا محمد علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فون پر رابطہ ہوتا تھا جب بھی لاہور آتی تو گھر ضرور آتی تھی، ہمیں کراچی میں حمیرا اصغر کے گھر کا نہیں پتا تھا، فون بند ہونے پر حمیرا سے کوئی رابطہ نہ کر سکے، حمیرا اصغر شوبز میں کام کرنا چاہتی تھی وہاں خوش تھی، حمیرا کے والدین اس فیصلے سے خوش نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حمیرا کی لاش 10 ماہ پرانی؟ ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات

حمیرا کے چچا نے کہا کہ میری بہن کا انتقال ہوگیا تھا ہم اس غم میں تھے، حمیرا پڑھی لکھی تھی 2018 میں کراچی شفٹ ہوئی، حمیرا پینٹنگز بناتی تھی اور اپنے کام میں خوش رہتی تھی۔

اداکارہ حمیرا کے چھوٹے بھائی نوید اصغر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حمیرا میری چھوٹی بہن تھی، لاش اگر پولیس کی کسٹڈی میں ہو تو قانونی تقاضے مکمل کرنے پڑتے ہیں، ہم تین دن سے فلاحی ادارے اور پولیس سے رابطے میں تھے، ہم نے اب اپنی بہن حمیرا کی باڈی وصول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی، وہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں، اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کا قتل ہوا، مقدمہ درج کیا جائے، شہری نے درخواست دائر کر دی

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔

کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔